اسلام آباد:وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس کے دوران مریخ کیلئے مشن کے آغاز پر مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے عرب امارات کو عرب دنیا کی طرف سے پہلے خلائی مشن کے کامیابی سے آغاز پر مبارکباد پیش کی جبکہ اس دوران پاک عرب امارات تعلقات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران شاہ محمود قریشی نے اماراتی وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے کہا کہ مریخ کیلئے امارات کا مشن تمام مسلمانوں کیلئے قابلِ فخر اور انسانی علم و دانش کیلئے عظیم تحفہ ہے۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے صحت دریافت کرنے اور نیک تمناؤں کے اظہار کیلئے اماراتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
کورونا وائرس کے خلاف حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے ملک کے بیشتر شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جس کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ہے۔
انہوں نے کا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی آئی ہے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد نئے کیسز سے زیادہ ہورہی ہے۔ اس موقعے پر اماراتی وزیرِ خارجہ نے کورونا وائرس پر پاکستان کے ردِ عمل کی تعریف کی۔
اماراتی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے خاطرخواہ اقدامات اٹھا رہا ہے جبکہ ہم کورونا وائرس کی ویکسین پر بھی کام کر رہے ہیں جس میں عالمی برادری بھی شامل ہے۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے کورونا وائرس کے اختتام کے بعد ملاقات کے فیصلے پر اتفاق کیا جبکہ متحدہ عرب امارات مریخ کیلئے مشن روانہ کرنے والا عرب دنیا کا پہلا ملک ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل متحدہ عرب امارات نے سرخ سیارے (مریخ) کی تسخیر کیلئے مشن کی ابتدا کرتے ہوئے سائنسی انقلاب کا آغاز کردیا جس پر تقریباً 450 افراد نے کام کیا۔
مقامی وقت کے مطابق دو روز قبل صبح 6 بج کر 58 منٹ پر کسی انسان کو ساتھ لیے بغیر خلائی جہاز نے جاپان کے تنیگاشیما اسپیس سینٹر سے اڑان بھری جس پر متحدہ عرب امارات میں بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: عرب امارات نے مریخ کی تسخیر کیلئے مشن کا آغاز کردیا