ریاض : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سعودی ہم منصب عادل الجبیر سے اہم ملاقات کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پہنچ گئے ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور امن و امان پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی سے امریکی نمائندہ ایلس ویلز کی ملاقات
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب میں ایک روز قیام کریں گے جبکہ اس دوران سعودی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی حکومتِ پاکستان کا نقطۂ نظر سعودی حکام کے سامنے رکھیں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات علاقائی، ثقافتی اور مذہبی بنیادوں پر استوار ہیں جبکہ وزیر خارجہ ایک روزہ دورۂ سعودی عرب کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی سعودی قیادت سے تبادلۂ خیال کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھا جارہا ہے۔
عالمی یومِ انسانی حقوق کے موقعے پرگزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر میں 80 لاکھ کشمیریوں کو گھروں میں محصور ہونے پر مجبور کیا گیا، عالمی برادری کو مسئلۂ کشمیر کے حل کے لیے آگے آنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر سے نجات کے لیے لاکھوں مظلوم کشمیری مسلسل جدوجہد میں مصروف ہیں جبکہ عالمی برادری سے اس ضمن میں اقدامات کی توقع کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: کشمیر پر مظالم دنیا کی نظروں سے اوجھل ہیں۔شاہ محمود قریشی