فچ نے بھی پاکستانی معیشت کو مستحکم قرار دے دیا تاہم مشکلات ابھی بھی باقی ہیں۔۔۔

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گذشتہ ماہ موڈیز کی جانب سے پاکستان کے معیشت کو مستحکم کرنے کے بعد عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فیچ نے پاکستانی معیشت کو بی مائنس ریٹنگ میں برقرار رکھا ہے ، پاکستان میں معاشی استحکام کی دنیا کی دو بہترین کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی توثیق کردی ہے۔

فیچ کے مطابق بی درجہ بندی پاکستان کے لئے ایک چیلنجنگ پوزیشن کی عکاسی کرتی ہے جس کی خصوصیات مالی اعانت کی ضروریات اور کم ذخائر کی ہوتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت کو درپیش بیرونی خطرات میں کمی واقع ہوئی، خسارے میں کمی ریکارڈ کی گئی اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ، کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی کی بڑی وجہ درآمدات میں کمی ہے۔

فیچ نے کہا ہے کہ 30 جون 2019 کو کرنٹ اکاونٹ خسارہ جی ڈی پی کے 4.9 فیصد تھا، جب کہ رواں مالی سال جاری خسارہ جی ڈی پی کے 2 اعشاریہ 1 فیصد رہنے اور اگلے مالی سال میں جاری خسارہ جی ڈی پی کے 1 اعشاریہ 9 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

فیچ نے اپنی سخت پالیسیوں اور آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے گذشتہ سال کے دوران اقتصادی کمزوریوں کو کم کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں کی تصدیق کردی ہے۔

اس سے حکومت کے ان دعوؤں کو تقویت ملے گی کہ معیشت صحیح سمت جارہی ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی 2020 کو خوشحالی اور روزگار کے مواقع کا سال قرار دیا ہے ۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے کے بارے میں فیچ کی رپورٹ سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے دعووں کی حوصلہ افزائی ہوگی جو معاشی بحالی کی نوید سنارہے ہیں جبکہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فیچ کو توقع ہے کہ رواں مالی سال کے آخر تک یہ خسارہ جی ڈی پی کے 2.1 فیصد تک کم ہوجائے گا،غیر ملکی ذخائر 11.5 بلین ڈالر تک بڑھ جائے گا ، جبکہ برآمدات میں معمولی حد تک اضافے کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔

عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فیچ نے پاکستان میں امن وامان کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول کو سازگار قرار دیا ہے تاہم خطے کی موجودہ صورتحال سے معیشت پر منفی اثرات سے بھی آگاہ کیا ہے۔

فیچ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو 20 بلین ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری کی ضرورت رہے گی جبکہ قرضوں کی ادائیگی بھی پاکستان کیلئے مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔

حکومت کو مستقبل میں ہونے والے خطرات پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ورنہ ہم شاید کسی نئے بیل آؤٹ کی تلاش کر رہے ہونگے۔

Related Posts