اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ لاجز کی تیسری منزل پرمریم اورنگزیب کے کمرے میں آگ لگ گئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آگ لگنے کا واقعہ صبح ساڑھے 11 بجے کے قریب پیش آیاجس کے بعد پارلیمنٹ لاجز میں دھواں پھیل گیا اور لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بھجانے کیلئے پہنچا اور امدادی کارروائی کی۔ادھر رکن قومی اسمبلی ابرار شاہ نے کہا کہ آگ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے لاج میں لگی جس کا 80 فیصد حصہ جل گیا۔
ابرار شاہ کے مطابق آگ لگنے کے باعث دھواں اتنا تھا کہ سانس تک نہیں لے پارہے تھے۔علاوہ ازیں واقعہ کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے آگ سے متاثرہ لاجز کا جائزہ لیا۔
اس دوران ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آگ کی اطلاع 11 بج کر 35 منٹ پر ملی، تاہم آگ پر قابو پالیا گیا۔ ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز نے کہا کہ مریم اورنگزیب کے 2 ملازمین کو بروقت ریسکیو کرلیا گیا۔
اس دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے آگ لگنے کی وجہ پوچھی تو ڈائریکٹر لاجز نےآگاہ کیا کہ اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، تاہم ملازم کے مطابق آگ گیلری میں لگے گیزر سے لگی۔