وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےکشمیری خواتین کے ساتھ زیادتی کی حمایت پر بی جے پی رہنمامیجر جنرل (ریٹائرڈ) ایس پی سنہا کے بیان شدید مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اخلاق سے عاری اور فسطائیت سے بھرپور سوچ مودی کے نازی ازم کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی کی کشمیری خواتین کے ساتھ زیادتی کی حمایت،پاکستان کی مذمت
معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی فوجی بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارندے بن چکے ہیں جبکہ عالمی برادری کو چاہئے کہ بھارتی فوج کے ذہنی بیماروں اور انسانیت کے مجرموں کے خلاف سخت ردِ عمل دے۔
بھارتی فوجی بی جے پی کے کارندے بن چکے ہیں۔عالمی برادری بھارتی فوج کے ایسے ذہنی بیماروں اور انسانیت کے مجرموں کے خلاف سخت درعمل کا اظہار کرے۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) November 18, 2019
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کی طرف سے ایسے بیانات قاتل اور غاصب مودی حکومت کی کھلی تردید ہیں جو کہتی ہے کہ کشمیر میں زندگی معمول پر آچکی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کشمیری ماؤں اور بہنوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جرات، شجاعت اور بہادری سے بھارتی جبر و ظلم کا مقابلہ کیا۔
انہوں کشمیری خواتین کو جدوجہدِ آزادی میں کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی قربانیاں اور خدمات تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔
ایسے بیانات قاتل اورغاصب مودی حکومت کے ان دعوؤں کی کھلی تردیدہیں کہ کشمیر میں زندگی معمول پرآگئی ہے۔سلام پیش کرتےہیں اپنی کشمیری ماؤں اوربہنوں کوجنہوں نے جرات، شجاعت اوربہادری سے بھارتی جبر و ظلم کا مقابلہ کیا۔جدوجہدآزادی میں ان کی قربانیاں اورخدمات تاریخ کاناقابل فراموش باب ہیں
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) November 18, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے مقبوضہ کشمیر میں قیامِ امن کے جھوٹے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مظلوم کشمیریوں پر جھوٹی بیان بازی سے دُنیا کو گمراہ کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں امن و امان کی صورتحال معمول پر آنے کا بھارتی بیان گمراہ کن ہے۔ فرانسیسی اخبار کو دیا گیا بھارتی وزیر خارجہ کا انٹرویو غلط بیانی کا مظہر ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے بھارت کے کشمیر میں امن کے جھوٹے دعوے کو مسترد کردیا