پنجاب پولیس نے آن لائن بزنس کے نام پر کروڑوں کے فراڈ کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو مظفر گڑھ سے گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم نے آن لائن بزنس کے نام پر متاثرہ افراد سے کروڑوں کا فراڈ کیا۔ ملزم کوئٹہ کے راستے ایران فرار ہونا چاہتا تھا، تاہم پولیس نے ملزم کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف آئی اے نے آن لائن لون کمپنیوں کے خلاف کارروائی تیز کردی
صوبائی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم یاسر حیات کے علاوہ اس کا ساتھی احمد ندیم بھی آن لائن فراڈ میں ملوث ہے جسے تلاش کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے۔ دونوں ملزمان نے 2 کمپنیوں کے ذریعے کروڑوں کا فراڈ کیا۔
دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ لاہور چیمبر آف کامرس کے رکن کی درخواست پر درج ہوا۔ ملزمان نے یبٹ فائر اور کیپٹل ایف ایکس نامی کمپنیاں بنا کر عوام سے کروڑوں روپے لوٹ لیے۔ گرفتار ملزم سے تفتیش میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے آن لائن لون کے نام پر فراڈ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف نیا کیس منظرِ عام پر آنے کے بعد کارروائی تیز کردی۔
آن لائن کمپنیوں کے فراڈ کا یہ کیس جولائی کے دوران سامنے آیا۔ لون دینے والی کمپنی سے ایک شخص نے 3000روپے آن لائن قرض لیا۔ متاثرہ شخص کا دعویٰ تھا کہ کمپنی کا نمائندہ بلیک میل کررہا ہے۔