فیفا اور نیٹ فلکس نے خواتین فٹبال ورلڈ کپ 2027 اور 2031 کے امریکی نشریاتی حقوق کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔
عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی نے جمعہ کو اعلان کیا کہ نیٹ فلکس اس ایونٹ کے تمام میچز براہِ راست نشر کرے گا اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ نیٹ فلکس کسی مکمل ٹورنامنٹ کے حقوق حاصل کرے گا۔
معاہدہ امریکی ناظرین کے علاوہ پورٹو ریکو کو بھی شامل کرے گا اور میچز انگریزی اور ہسپانوی دونوں زبانوں میں نشر کیے جائیں گے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے ایک بیان میں کہاکہ نیٹ فلکس بطور فیفا کے نئے طویل المدتی شراکت دار ویمنز فٹبال کو فروغ دینے کے لیے غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
یہ شراکت نہ صرف ٹورنامنٹ کی نشریات تک محدود رہے گی بلکہ دونوں ایونٹس کے دوران خواتین فٹبال کی دلکشی کو دنیا بھر کے لاکھوں ناظرین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
2027 کا خواتین ورلڈ کپ 24 جون سے 25 جولائی تک برازیل میں ہوگا جو پہلی بار جنوبی امریکا میں منعقد ہوگا جبکہ 2031 کے میزبان ممالک کا انتخاب فیفا کانگریس کرے گی۔
معاہدے کے تحت نیٹ فلکس نہ صرف براہِ راست نشریات کرے گا بلکہ دونوں ٹورنامنٹس سے قبل ایک دستاویزی سیریز بھی تیار کرے گا۔
پہلے سے زیادہ جدید و مختلف اور، آئی فون 17 پرو میکس کا ڈیزائن لیک
یہ معاہدہ نیٹ فلکس کی اسپورٹس کے میدان میں مزید پیشرفت کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت وہ اپنے ناظرین کو منفرد مواد فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔
نیٹ فلکس نے حال ہی میں دنیا بھر میں 100 ملین سے زائد ناظرین کے لیے مائیک ٹائیسن اور جیک پال کے درمیان ایک باکسنگ میچ نشر کیا تھا اور کرسمس کے موقع پر پہلی بار دو این ایف ایل گیمز بھی لائیو نشر کرے گا۔
یاد رہے کہ 2023 کے خواتین ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق پر شدید مذاکرات کے باعث یہ ایونٹ کئی اہم ممالک میں نشریات سے محروم ہونے کے خطرے سے دوچار تھا۔ تاہم انگلینڈ اور اسپین کے درمیان فائنل نے تاریخی ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کیا، اور صرف برطانیہ میں 12 ملین افراد نے بی بی سی ون پر میچ دیکھا۔