وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کرنسی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کو تحویل میں لے لیا ہے جن سے تحقیقات کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کرنسی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ سے غیر ملکی زرِ مبادلہ کی ناجائز خریدوفروخت پر پوچھ گچھ کی جائے گی۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال ایف آئی اے نے کرنسی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کو گرفتار نہیں کیا جس کے متعلق فیصلہ تحقیقات کے بعد ہوگا۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں منی لانڈرنگ اور ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی سمیت متعدد مسائل حکومت کے زیرِ غور ہیں جن پر وفاقی تحقیقاتی ادارہ حرکت میں آیا ہے۔
بعض حلقوں کا خیال ہے کہ کرنسی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے اور ملکی معیشت کی گرتی ہوئی صورتحال کے ذمہ دار ہوسکتے ہیں جس پر تحقیقات ہوں گی۔
حالیہ دنوں میں پنڈورا پیپرز کے انکشافات سامنے آنے کے بعد موجودہ حکومت نے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پنڈورا پیپرز میں نامزد افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔
دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی کی دیگر وجوہات بھی تلاش کر رہا ہے۔ ادارے کی تحقیقات کے مطابق ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار بھی ڈالر کی اڑان کی وجہ بنا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ڈیفنس میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے آج سے 5 روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس، فیز 2 میں چھاپہ مار کارروائی کی اور حوالہ (ہنڈی) میں ملوث سوئس ایکسچینج کمپنی کے منیجر سلطان دامانی کو گرفتار کیا۔ ملزم لائسنس کی آڑ میں ہنڈی میں ملوث رہا۔
مزید پڑھیں: کراچی، ایف آئی اے کا ڈیفنس میں چھاپہ، ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار