کراچی: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سندھ کے عوام کے لیے پیسے خرچ کررہی ہے سندھ حکومت کے لیے نہیں۔ وفاقی نے سندھ میں موٹرویز کےلیے 300 ارب روپے جاری کیے تھے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عمران خان پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں، وزیراعلیٰ سندھ صرف پوائنٹ اسکورنگ کرنا چاہتے ہیں، اور نہ ہی سندھ کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جارہا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاق نے ریکارڈ فنڈز فراہم کیے ہیں، سندھ کی حکومت اور سندھ کے عوام میں فرق ہے، وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے لیے پیسے خرچ کرے گی، سندھ حکومت کے لئے نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق حکومت نے ملتان سکھر موٹروے پر کام شروع کیا اور مکمل ہم نے کیا۔ سندھ حکومت نے موٹرویز بنانے کے لئے ایک روپیہ خرچ نہیں کیا، وفاق نےسندھ میں موٹرویز کے لئے 300 ارب روپےجاری کیے، کئی سال سے کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے کے فور منصوبہ التوا کا شکار تھا، ہم نے کے فور منصوبے کے لیے فنڈز مختص کیے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں سندھ کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان سندھ سمیت سارے پاکستان کے وزیراعظم ہیں اور وہ تعصب پر مبنی سیاست نہیں کرتے ہیں۔
وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ ” عمران خان پاکستان کے تمام علاقوں کو مدنطر رکھتے ہوئے فیصلے کرتے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے دو بڑے ترقیاتی پیکیجز کا اعلان کیاہے۔ سکھر میں کھڑے ہوکر وزیراعظم نے اعلان کیا تھا ایک ماہ کے اندر منصوبے کا افتتاح کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے خود مختلف اضلاع کا دورہ کیا ، کہیں منصوبے پر کام جاری ہے تو کہیں افتتاح ہورہا ہے۔ نادرا آفس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ وفاق نے جن منصوبوں کا اعلان کیا تھا ان پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بحریہ ٹاؤن کے باہر قوم پرست جماعتوں کا احتجاج، متعدد گاڑیاں نذرآتش