اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سعودی وزیر برائے حج و عمرہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس کے دوران عمرہ کرنے والوں اور زائرین کیلئے حفاظتی انتظامات پر گفتگو ہوئی۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیرِ حج ڈاکٹر صالح نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں کیے گئے اقدامات کا مقصد عبادت کرنےوالوں کی جان اور صحت کی حفاظت ہے۔
سعودی وزیرِ حج نے کہا کہ جامع پالیسی بنا کر کورونا وائرس کی صورت حال پر قابو پالیا جائے گا۔ رش کو کنٹرول کرنے کیلئے عارضی طور پر مطاف کے حصہ کو بند کیا گیا تھا۔
وزیر حج ڈاکٹر صالح نے کہا کہ حرم کے باقی حصوں میں طواف ، نماز اور عبادت کا سلسلہ جاری ہے۔حرم نبوی میں بھی رش کو قابو کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی ائیر لائن نے جان لیوا کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر پاکستانی عمرہ زائرین پر 31 مارچ تک پابندی بڑھاتے ہوئے ٹکٹ منسوخ کردئیے۔
سعودی عرب میں عمرے، سیر و تفریح یا سیاحت کی غرض سے جانے والے تمام ویزے 3 روز قبل منسوخ کرتے ہوئے ائیر لائن نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ رقوم کی واپسی کے لیے سپورٹ سنٹر سے رابطہ کریں۔
مزید پڑھیں: سعودی ائیر لائن نے عمرہ زائرین کے ٹکٹ منسوخ کردئیے