اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کے لیے 40000 الیکٹرانک بائیکس سبسڈی والے نرخوں پر فراہم کرنے کے علاوہ مفت بائیکس دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال نہ صرف فضائی آلودگی کو کم کرنے میں مددگار ہوگا بلکہ ملک کے تیل کی درآمدی بل میں بھی نمایاں کمی لائے گا۔
وزیر نے بتایا کہ الیکٹرک دو پہیہ اور تین پہیہ گاڑیوں کے فروغ کے لیے چار ارب روپے کی سبسڈی مختص کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو الیکٹرک گاڑیوں کی طرف منتقلی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بینک نرم قرضے بھی فراہم کریں گے۔
سبسڈی اسکیم کے تحت حکومت عوام کو 40000 الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ ایک خاص اقدام کے تحت ملک کے بہترین تعلیمی کارکردگی کے حامل 120 طلباء کو مفت ای بائیکس فراہم کی جائیں گی تاکہ ان کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا جا سکے۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے لیے تقریباً 3000 چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔