ایف بی آر کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 ارب روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث گروہ کو بے نقاب کردیاہے۔
ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کے ذرائع نے اس ضمن میں بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ فلائنگ اور جعلی انوائس کا منظم کاروبار جاری ہے اور اس فراڈ سسٹم کے ذریعے ٹیکس چوروں کا منظم مافیا ملک گیر سطح پر منظم ہے اور منظم گروہ جعلی اور بوگس انوائسز کے ذریعے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ ان لینڈ ریونیو نے ابتدائی طور پر کراچی میں رجسٹرڈ 10 جعلی صنعتی یونٹس کا پتا لگالیا جن کی بینک ٹرانزیکشنز کا بھی سراغ لگایا جارہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ نے ان جعلی یونٹس کو بلیک لسٹ کرنے کی کاروائی کا بھی آغاز کردیا ہے۔کراچی میں رجسٹرڈ جن 10 جعلی یونٹس کی نشاندہی ہوئی ہے ان میں شاہد انٹر پرائزز، ہاشمی ٹریڈرز، رضوان انٹرپرائزز، لکی کارپوریشن، زید انٹرپرائزز، زاہد اینڈ کمپنی، کھتری انٹر پرائزز، ایس ایس ایس ایکسپو اور اے ون پیکیجزشامل ہیں۔
مذکورہ جعلی کمپنیاں رجسٹرڈ پتوں پردستیاب نہیں اور ان جعلی کمپنیوں نے ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں رجسٹریشن کے حصول کے لیے شہر کے مختلف رہائشی علاقوں کے پتے استعمال کیے۔ذرائع کے مطابق ان جعلی کمپنیوں نے دو سالوں میں اربوں کا لین دین ظاہر کرنے کے باوجود ایک روپے کا بھی ٹیکس ادا نہیں کیا، جعلی کمپنیوں کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ نشاندہی شدہ 10 جعلی کمپنیوں نے گزشتہ دوسال کے دوران اربوں روپے مالیت کا لین دین ظاہرکیا لیکن ان بھاری مالیت کے لین دین کے باوجود ان کمپنیوں کی جانب سے قومی خزانے میں ایک روپے کا ٹیکس بھی جمع نہیں کرایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی ایک روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی، صارفین پر 14ارب روپےکا اضافی بوجھ پڑے گا