وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پیش گوئی کی ہے کہ بھارت بین الاقوامی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرے گا جبکہ پاکستان سیاسی سازشوں کے باعث اندرونی مسائل کا شکار ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری اندرونی سیاسی سازشیں کشمیریوں کی حالتِ زار سے ہماری توجہ ہٹا رہی ہیں جبکہ ہمیں اس سے ہونے والے شدید نقصان کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا اگلا نشانہ سندھ طاس معاہدہ ہوگا کیونکہ بھارت پاکستان کے حصے کے پانی کو انتہائی مشکل سے برداشت کرنے پر مجبور ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے پاس آنکھ جھپکنے کا بھی وقت نہیں ہے کیونکہ بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک میں پانی کی فراہمی معطل کی جاسکتی ہے، اس لیے قوم کو تیار رہنا ہوگا۔
ہماری اندرونی سیاسی سازشیں جس طرح کشمیریوں کی حالت زار سے ہماری توجہ ہٹائے ہوئے ہیں اس کے شدید نقصان کیلئے تیار رہیں، مودی کا اگلا نشانہ سندہ طاس معاھدہ ہو گا، بھارت پاکستان کے حصے کے پانی کو پتہ نہیں کیسے برداشت کر رہا ہے، پاکستان کے پاس آنکھ جھپکنے کا بھی وقت نہیں ، تیار رہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 6, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کا معاملہ ابھی تک پر امن نظر آ رہا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ایسا ہی ہو جبکہ وزیر اعظم عمران خان کا کوئی متبادل نہیں ہے۔
جامعہ کراچی میں دو روز قبل خطاب کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے استعفے کے مطالبے پر بات نہیں ہوسکتی کیونکہ الیکشن 5 سال بعد ہی ہوں گے، عمران خان پر گزارہ اپوزیشن کی مجبوری ہے۔
مزید پڑھیں: مولانا کا آزادی مارچ پُر امن ہے، امید کرتے ہیں آئندہ بھی رہے۔فواد چوہدری