کراچی میں تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے لگے جس کے نتیجے میں بعض مقامات پر درخت اور کھمبے گرنے لگے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ 63 کلومیٹر کی رفتار سے جھکڑ بھی چل رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں تیز ہوائیں رات تک جاری رہیں گی۔ محکمۂ موسمیات نے کراچی میں سردی کی نئی لہر کے آغاز کی پیشگوئی کردی۔ آج سے تیز ہوائیں چلیں گی اور سردی کی شدت میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔
کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 46فیصد سے بھی تجاوزکرگئی
قبل ازیں محکمۂ موسمیات نے کراچی میں پارہ 8 ڈگری تک گرنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔ چیف میٹریولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کل سے کراچی میں سردی بڑھ جائے گی جبکہ نئی سرد لہر 27 جنوری تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
رات کے وقت درجۂ حرارت 8 سے 10 ڈگری رہنے کا امکان ہے جبکہ 36 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے تیز ہواؤں کے چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سمندری ہواؤں کے باعث مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
شہر قائد میں جنوب مغرب سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ جانے کے باعث صبح کے وقت اوس پڑی۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں رواں ماہ دھند بھی دیکھنے میں آئی۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کل کل تک شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ہوسکتا ہے جبکہ تیز ہواؤں اور جھکڑوں کا سلسلہ آج رات تک ختم ہونے کا امکان ہے۔