لاس ویگاس میں پیر کی شب ہونے والے 51ویں امریکن میوزک ایوارڈز کی تقریب میں معروف پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی ریڈ کارپٹ سے غیر حاضری نے مداحوں اور میڈیا کو حیرت میں ڈال دیا۔
35 سالہ ٹیلر سوئفٹ جنہیں اس سال کے ایوارڈز میں چھ اہم شعبوں میں نامزد کیا گیا تھا، تقریب کے آغاز سے قبل ہونے والی ریڈ کارپٹ تقریب میں شریک نہ ہوئیں۔ ان کی غیر موجودگی نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کو جنم دیا، جہاں مداحوں نے مایوسی کا اظہار کیا۔
مداح بڑی تعداد میں تقریب کے مقام پر موجود تھے اور آن لائن لائیو کوریج دیکھ رہے تھے تاکہ اپنی پسندیدہ گلوکارہ کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔
ٹیلر کو اس سال سال کی بہترین فنکارہ، سال کا بہترین البم اور پسندیدہ خاتون پاپ فنکارہ جیسے اعزازات کے لیے نامزد کیا گیا تھا، خاص طور پر ان کے ریکارڈ توڑ گیارہویں اسٹوڈیو البم “دی ٹارچرڈ پوئٹس ڈپارٹمنٹ” پر تاہم جب ریڈ کارپٹ بغیر ان کی آمد کے مکمل ہو گئی تو مداحوں کی امیدیں جلد ہی آن لائن مایوسی میں بدل گئیں۔
اگرچہ ٹیلر سوئفٹ تقریب میں شریک نہ ہوئیں تاہم پورے ایونٹ کے دوران ان کا تذکرہ نمایاں رہا۔ ان کے نام اب تک 40 امریکن میوزک ایوارڈز درج ہیں اور وہ اس سال اس ریکارڈ میں مزید اضافہ کرنے کی دوڑ میں شامل تھیں۔
تقریب کی میزبانی جینیفر لوپیز نے کی جبکہ بینسن بون، گوین اسٹیفانی، لینی ولسن، بلیک شیلٹن اور گلوریا ایسٹیفن نے پرفارمنس دی۔ اسٹیج پر اعزازات پیش کرنے والوں میں سیارا، کارا ڈیلیوین، وین بریڈی اور معروف آن لائن اسٹریمر کائی سینات شامل تھے۔
ایوارڈز کی شام میں موسیقی کی دنیا کی عظیم شخصیات کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا جس میں جینیٹ جیکسن کو آئیکون ایوارڈ دیا گیا جبکہ سر راڈ اسٹیورٹ کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔