اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان سی پیک کا نام آتے ہی لانگ مارچ شروع کردیتے ہیں، یہ تاریخ کا انوکھا مارچ ہے جسے سلو مارچ قرار دیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی فیصل کریم کنڈی نے گزشتہ روز نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ عمران خان حکومت سے بیک ڈور نہیں نائٹ ڈور رابطے کر رہے ہیں۔ خدانخواستہ لانگ مارچ میں وہ سب ہو جس کا فیصل واؤڈا نے ذکر کیا۔
خاتون رپورٹر صدف نعیم کی نمازِ جنازہ ادا
نیوز کانفرنس کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان ملکی چیلنجز کے باوجود لانگ مارچ کر رہے ہیں۔ سی پیک اور چین کا ذکر آتے ہی لانگ مارچ شروع کردیا جاتا ہے جبکہ بھارتی میڈیا عمران خان کے بیانات بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ گزشتہ لانگ مارچ کے باعث چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ ملتوی ہوگیا تھا جبکہ لانگ مارچ ملکی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔ حکومت لانگ اور فسادی مارچ سے کہیں جانے والی نہیں ہے۔
معاونِ خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان سرٹیفائیڈ بدعنوان اور چور ثابت ہوچکے، بلاول زرداری نے پہلے ہی روز عمران خان کو سیلیکٹیڈ کہا تھا۔ عمران خان دوبارہ سیلیکٹ ہوکر آنا چاہتے ہیں۔وہ دروازے بھی بند ہوچکے جہاں رات کو ملاقات کیلئے جایا کرتے تھے۔