بھارت کی ریاست راجستھان ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، ریاست میں گزشتہ روز پڑنے والی گرمی نے 74 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راجستھان کے صحرائی شہر جیسلمیر میں گزشتہ روز (ہفتے) پڑنے والی شدید گرمی نے شہریوں کی مشکلات بڑھادی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جیسلمیر میں درجہ حرارت 43.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو 74 سال کا گرم ترین درجہ حرارت رہا، اس سے قبل 43.3 ڈگری سینٹی گریڈ 10 ستمبر 1949 میں کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق صحرا کے کئی علاقے ہفتے کے روز گرمی کی شدید لپیٹ میں رہے جبکہ ریاست کے شہر باڑمیر میں درجہ حرارت 40.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو راجستھان کا دوسرا گرم ترین مقام تھا۔
اس کے بعد شہر بیکانیر میں درجہ حرارت 40 ڈگری، جالور میں 38.7 ڈگری اور گنگا نگر میں 38.5 ڈگری،جودھ پور میں 39.5 ڈگری، سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں:ایشیا کپ سپر فور: پاک بھارت میچ بارش کے باعث روک دیا گیا
حکام کی جانب سے شدید گرمی کے پیش نظر شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے، جبکہ غیر ضروری گھروں سے نکلنے کے لئے منع کیا گیا ہے۔