امن کا نوبل انعام برائے 2019 ایتھوپیا کے وزیراعظم آبے احمد علی نے امن کے فروغ کی کوشش کے تناظر میں اپنے نام کرلیا۔
وزیراعظم آبے احمدکوایتھوپیا اور اریٹیریا کے درمیان دہائیوں سے جاری خونی جنگ کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کرنے اور خونی جنگ معاہدے کے ذریعے ختم کر کے امن قائم کرنے پر اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔
2018 میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے والے 46 سالہ آبے احمد نے دہائیوں سے جاری پڑوسی ملک اریٹیریا کے ساتھ دشمنی کو ختم کرنے کے لیے سر توڑ کوششیں کیں اور خانہ جنگی سے بدحال دونوں ممالک میں امن کی شمعیں روشن کیں۔
نوبل انعام کی مالیت 90 لاکھ سویڈیشن کراؤن یا 9 لاکھ امریکی ڈالر کے برابر ہے۔، یہ انعام انہیں 10 دسمبر کو اوسلو میں پیش کیا جائے گا۔
اس سال امن کے نوبل انعام کے لیے 301 امیدواروں کے ناموں پر غور ہوا۔ ان میں سویڈن کی کلائمیٹ چینج کی سرگرم کارکن 16 سالہ گریٹا تھن بگ بھی شامل تھی۔ کمیٹی کےمطابق آگے احمد کی طرف سے امن اور بین الاقوامی تعاون کے حصول کے لیے ان کی کوششوں کے سبب انہیں یہ انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایتھوپیائی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ نوبل انعام برائے امن جیتنے پر اُن کی قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ اس بیان میں واضح کیا گیا کہ یہ انعام حقیقت میں مشترکہ اور اجتماعی کوششوں کی فتح کی علامت ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ نوبل انعام ایتھوپیا کے اندر امید کا ایک نیا افق پیدا کرے گا اور قوم کی خوشحالی کا سبب بنے گا۔