لاہور: چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے ہمراہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا، وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل،پرو وائس چانسلر اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران نے چیئرمین نیب کا استقبال کیا۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بدعنوانی کے خاتمے کیےلئے ایک منزل کا تعین کر لیا ہے۔ گزشتہ22 ماہ میں 71ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے۔
چیرمین نیب نے کہا کہ نوجوانوں کو بدعنوانی کے اثرات سے آگاہی کیلئے ایچ ای سی سے معاہدہ کیا، تعلیمی اداروں میں 50 سے زیادہ کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیاں قائم کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلق کسی گروہ یا جماعت سے نہیں ہے، ہماری پہلی اور آخری وابستگی ریاست پاکستان سے ہے، بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم کی واپسی پہلی ترجیح ہے۔
نیب میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے احتساب سب کےلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہیں۔
جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ملک کا واحد ادارہ ہے جس نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجز میں 50 ہزار سے زائد کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز قائم کی جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔