اسلام آباد: حکومت نے بیرونِ ملک سے فضائی سفر کی کیٹگریز ختم کرتے ہوئے کورونا ٹیسٹ کے بغیر پاکستان میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کا ٹیسٹ کیے بغیرفضائی راستے سے کسی بھی ملک سے کوئی بھی شہری پاکستان میں داخل نہیں ہوسکے گا۔حکومت نے فضائی سفر کیلئے کیٹگریز ختم کردیں۔
دنیا کے کسی بھی ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے 72 گھنٹے پہلے کی کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ لازمی قرار دے دی گئی۔ پاکستان آمد پر مسافروں کا ائیرپورٹ پر دوبارہ ٹیسٹ ہوگا۔
کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے پر مسافروں کو اپنی حکومت کی مقرر کردہ جگہ پر جبکہ منفی نتیجے کی صورت میں 10 روز تک اپنے گھر پر قرنطینہ کیا جائے گا۔ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دے دیا گیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں اسمارٹ فضائی لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والوں کی تعداد 80 فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ کیا۔
کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر این سی او سی نے گزشتہ روز بیرونِ ممالک سے پاکستان آنے والوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی۔ پاکستان آنے والی ائیر ٹریفک کو 80 فیصد تک کم کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
مزید پڑھیں: بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والوں کی تعداد 80 فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ