نیویارک:ایلون مسک کی مشہور خلائی تحقیقی کمپنی اسپیس ایکس نے 2 خلا بازوں پر مشتمل عملے کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجنے کا فیصلہ عین وقت پر ملتوی کردیا۔
ناسا نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کیلئے CREW-6 مشن کی روانگی کو ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مشن کیلئے نئی تاریخ مقرر کی جائے گی۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب اماراتی خلا باز سلطان النیادی ایک روسی اور 2 دیگر خلا بازوں کے ساتھ 6 ماہ کے طویل مدتی مشن کے حصے کے طور پر پرواز میں شامل ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹیم امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے 69 ویں مشن کے ایک حصے کے طور پر فیلکن 9 Falcon 9 راکٹ کے ذریعے لے جانے والے SpaceX Dragon Endeavour خلائی جہاز پر کینیڈی اسپیس سینٹر میں کیپ کیناورل سے بھیجی جانی تھی۔
ناسا کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بتایا گیا کہ مشن گراونڈ سسٹم میں خرابی کے باعث ملتوی کیا گیا ہے، روانگی کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:ٹوئٹر نے اخراجات کم کرنے کیلئے مزید ملازمین کو برطرف کردیا
رپورٹ کے مطابق مشن کے عملے نے لانچ ڈے کیلئے حتمی تیاریاں مکمل کرلی تھیں جبکہ فالکن 9 راکٹ اور اسپیس ایکس ڈریگن اینڈیور خلائی جہاز لانچ پیڈ پر رکھے جاچکے تھے۔