کراچی: ملک بھر میں عید الاضحٰی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی اور مسلمانوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے خدا کی رضا کے لیے قربانی کی۔
دارالحکومت اسلام آباد سمیت لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے ساتھ ساتھ ملک کے تمام شہروں میں عید گاہیں نمازیوں سے بھر گئیں۔ نمازِ عید کے اجتماعات میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کے جذبہ ایثار اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اپنے رب سے محبت کا ذکر کیا گیا۔
علمائے کرام نے صاحبِ استطاعت مسلمانوں کو قربانی کے فلسفے سے روشناس کراتے ہوئے قربانی کے مسائل بیان کیے اور قربانی کے گوشت میں غرباء و مساکین کو شریک کرنے کی ترغیب دی۔
علمائے دین کے مطابق اسلام ہر مسلمان کو ایثارکا درس دیتا ہے اور عید الاضحٰی کے موقعے پر استطاعت رکھنے والے مسلمانوں کو بہتر سے بہتر قربانی کرنی چاہئے۔
عید کے موقعے پر نماز کے سب سے بڑے اجتماعات اسلام آباد کی فیصل مسجد، لاہور کی بادشاہی مسجد اور پشاور میں چارسدہ روڈ کی عید گاہ میں ہوئے جس میں لاکھوں کی تعداد میں فرزندانِ اسلام نے نمازِ عید ادا کی اور ملکی سالمیت اور ترقی و خوشحالی کی دُعائیں کیں۔
اس دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور مساجد کے ساتھ ساتھ امام بارگاہوں کے قریب بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تاکہ عوام کسی عدم تحفظ کا شکار نہ ہوں اور اطمینان سے اپنے مذہی فرائض انجام دے سکیں۔
مزید پڑھیئے:ملک میں چار روز تک کہیں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔پاور ڈویژن