قاہرہ:مشرق وسطی ملک مصر کی عدالت نے فوجداری مقدمے میں دو معروف خاتون ٹک ٹاکرز سمیت مجموعی طور پر 5 ٹک ٹاکرز کو ملک میں فحاشی پھیلانے اور انسانی اسمگلنگ کے الزامات میں قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔
مصری ویب سائٹ کے مطابق قاہرہ کی عدالت نے نوجوان ٹک ٹاکر حنین حسام اور مواضہ العظام سمیت دیگر تین خواتین کو قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔
عدالت نے حنین حسام کو 10 سال جب کہ مواضہ العظام کو دیگر تین خواتین کے ہمراہ 6 سال قید کی سزا سنائی جب کہ تمام ملزمان کو 2 لاکھ مصری پاونڈ جرمانے کی سزا بھی دی گئی۔
اسی حوالے سے مصری ویب سائٹ نے بتایا کہ تمام ٹک ٹاکرز کو ابتدائی طور پر گزشتہ برس جولائی میں گرفتاری کے بعد جیل بھیج دیا گیا تھا۔
بعد ازاں ان کے خلاف ملک میں فحاشی پھیلانے، لڑکیوں کو آن لائن جنسی لذت فراہم کرنے اور انسانی اسمگلنگ جیسے الزامات کے تحت قانون کارروائی شروع کی گئی تھی۔
مذکورہ کیس کے ٹرائل کے دوران رواں برس کے آغاز میں ٹک ٹاکر حنین حسام کو جیل سے آزاد بھی کیا گیا تھا جب کہ مواضہ العظام کی بھی سزا ختم کردی گئی تھی مگر بعد ازاں پھر معواضہ العظام کو نظر بند کردیا گیا تھا۔
ٹرائل کے دوران خیال کیا جا رہا ہے تھا کہ تمام ٹک ٹاکرز کو سخت تنبیہ اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد آزاد کردیا جائے گا، تاہم عدالت نے حتمی فیصلے میں تمام ٹک ٹاکرز کو جیل بھیج دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عدالتی فیصلے کے بعد تمام ٹک ٹاکرز کو 6 اور 10 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا اور انہیں جرمانے کی ادائیگی کا حکم بھی دیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا افغان طالبان سے امریکی شہری کی بازیابی کیلئے معاونت کا فیصلہ