کراچی: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 249 میں ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران سابق وفاقی وزیر فیصل واؤڈا اورتحریکِ انصاف کے دو اراکینِ اسمبلی کو فوری طور پر حلقہ چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹر فیصل واؤڈا کو حلقہ این اے 249 کے دورے کی پیشگی اطلاع پر شوکاز نوٹس کے باوجود انتخابی مہم میں شرکت کرنے پر فیصل واؤڈا سمیت تحریک انصاف کے 2 اراکین اسمبلی کو حلقہ بدر کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
پی ٹی آئی امیدوار امجد اقبال آفریدی کو ضابطۂ اخلاق کی بار بار خلاف ورزیوں پرآج الیکشن کمیشن میں طلب بھی کرلیا گیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہیں نااہل بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ندیم حیدرسے بات چیت کی گئی۔
گفتگو کے دوران ڈی آر او ندیم حیدر نے کہا کہ سینیٹر فیصل واؤڈا کو دئیے گئے انتباہی نوٹس میں ان سے کہا گیا تھا کہ اگر آپ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے دورے اور امجد اقبال آفریدی کی انتخابی مہم میں شرکت کی تو یہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہوگی۔
ڈی آر او ندیم حیدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیصل واؤڈا کو حلقے کا دورہ کرنے سے باز رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر آپ کے خلاف دفعہ 234 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی تاہم فیصل واؤڈا حلقے میں جا پہنچے۔
ندیم حیدر نے کہا کہ سینیٹر فیصل واؤڈا حلقے میں پہنچے تو الیکشن کمیشن نے ایس ایس پی غربی اور ایس ایس پی کیماڑی کو ہنگامی مراسلہ تحریر کیا جس میں کہا گیا کہ سینیٹر فیصل واؤڈا، رکن اسمبلی سعید احمد اور ملک شہزاد اعوان ضابطۂ اخلاق کی ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ اور سندھ اسمبلی کے تینوں اراکین انتخابی مہم میں شریک ہیں لہٰذا فیصل واؤڈا، سعید احمد اور ملک شہزاد اعوان کو حلقے سے نکال دیا جائے۔امجد اقبال آفریدی کی انتخابی مہم میں کئی بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن بھی لیا جاسکتا ہے، الیکشن کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزیوں پر وضاحت پیش کریں بصورت دیگر نااہل بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔
حلقے میں سرکاری املاک اور دیگر ممنوعہ مقامات پر تشہری بینر، پوسٹر اور پینافلیکس ہٹانے کا آپریشن بھی جاری ہے۔ حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز حساس اور انتہائی حساس ہیں،29 اپریل کو پولنگ کا عمل پرامن انداز میں منعقد کرنے کیلئے مؤثر سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم ترسیلاتِ زر کا نیا ریکارڈ قائم کرنے پر سمندر پار پاکستانیوں کے شکر گزار