اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے قبل مبینہ طور پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان اور دیگر وفاقی وزیر کو لوئر دیر میں بلدیاتی انتخابات سے قبل عوامی اجتماع میں شرکت کرنے پر نوٹس بھیجے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو 14 مارچ کو طلب کیا ہے، نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے جاری کیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر کے پی اور وزیر اعلیٰ کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزراء مراد سعید، پرویز خٹک اور صوبائی وزیر انور زیب خان کو عوامی اجتماع میں شرکت کے لیے لوئر دیر کا دورہ کرنے پرنوٹس جاری کیے ہیں۔ کے پی کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ صوبے میں 31 مارچ کو ہوگا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو آئندہ انتخابات کے پیش نظر لوئر دیر کا دورہ کرنے سے روک دیا تھا۔ الیکشن مانیٹرنگ باڈی نے ایک بیان جاری کیاتھا، جس میں وزیراعظم کو لوئر دیر میں عوامی اجتماع یا جلسہ کرنے سے روکا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: جنرل باجوہ نے مجھ سے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ڈیزل نہ کہیں، وزیر اعظم