اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان کو قومی اسمبلی کی 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کو قومی اسمبلی کی ان 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی کیا جن پر سابق وزیر اعظم نے گزشتہ برس ضمنی انتخابات کے دوران کامیابی حاصل کی تھی۔
نیب ٹیم عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئی
اپنے بیان میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو این اے 22 مردان 3، این اے 24 چارسدہ 2، این اے 31 پشاور 5، این اے 108 فیصل آباد 8، این اے 118 ننکانہ صاحب 2 اور این اے 239 کورنگی کراچی 1 سے ڈی نوٹیفائی کیا گیا۔
بیان میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ عمران خان صرف این اے 45 خرم، خیبر پختونخوا کی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔ آئین کے تحت کسی بھی امیدوار کو قومی اسمبلی کی 1 ہی نشست اپنے پاس رکھنے کا حق ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زمان پارک رہائشگاہ پہنچ کر طلبی نوٹس وصول کرایا۔
نیب کی ٹیم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی لاہور زمان پارک رہائشگاہ گزشتہ روز پہنچی۔ اس سے قبل نیب طلبی کا نوٹس چیئرمین پی ٹی آئی کی زمان پارک والی رہائشگاہ کے باہر چسپاں کیا گیا تھا۔