اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس میں آئی ایم ایف شرائط پر گیس کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس کے دوران آئی ایم ایف کے مطالبے پر گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دئیے جانے کا خدشہ ہے۔
آئی ایم ایف سے ڈیل،170 ارب کے نئے ٹیکسزلگیں گے۔اسحاق ڈار
ای سی سی اجلاس کے دوران آج شام 4 بجے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی اراکین ایک نکاتی ایجنڈے پر غور کریں گے جن میں گیس کے نرخ بڑھانے پر غور ہوگا۔
اجلاس کے دوران گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سمری پیش کی جائے گی۔ سمری میں قیمتوں میں اضافہ یکم جنوری 2023 سے کیے جانے کا ذکر موجود ہے جس پر فیصلہ اسحاق ڈار کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل کے تحت 170 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانا ہوں گے جس کے لیے وفاقی حکومت منی بجٹ لائے گی۔
آج سے 3 روز قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف جائزہ سے 1.2 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے۔ آئی ایم ایف نے دوپہر کو فائنل پوائنٹس دئیے جن کا ورچوئل میٹنگ میں جائزہ لیا گیا۔