کراچی پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن پر اسٹریٹ کرائم، چوری اور اقدامِ قتل کے الزامات عائد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی انوسٹیگیشن (ایسٹ) الطاف حسین کی ہدایت پر ایسٹ پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تھانہ مبینہ ٹاؤن میں مقدمہ نمبر 791 میں مطلوب اسٹریٹ کرمنل آیان علی کو گرفتار کر لیا۔
دوسری کارروائی میں تھانہ فیروز آباد کی تفتیشی ٹیم نے مقدمہ نمبر 158 کے مفرور ملزمان ریاض اور نسرین کو چوری کے الزام میں گرفتار کیا۔ تھانہ سہراب گوٹھ کی ٹیم نے مقدمہ نمبر 824 میں قتل کے مقدمے میں ملزم نعمان کو حراست میں لے لیا۔
ایسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمان چوری، اقدامِ قتل اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں جن کے خلاف درج کیے گئے مقدمات پر تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کے خلاف مؤثر تفتیش کے بعد انہیں چالان کیلئے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتیوں اور دیگر بڑے جرائم میں ملوث افراد کی سرکوبی کیلئے ملزمان کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کی سفارش کی۔
شہرِ قائد میں بینک ڈکیتیوں سمیت بڑے جرائم میں ملوث گروہوں کے خلاف حکمت عملی تیار کرلی گئی۔ ایس آئی یو نے آج ملزمان کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کیلئے حکام کو خط لکھ دیا ہے۔ گرفتاری کیلئے کوششیں بھی تیز کردی گئیں۔
مزید پڑھیں: ایس آئی یو کی ملزمان کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کیلئے سفارش