اسلام آباد : وزیر اعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ حکومت کا احساس آمدن پروگرام غریبوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے منصوبہ ہے ، 23 اضلاع کی 375 یونین کونسلز میں 2 لاکھ گھرانوں کو کاروبار کا موقع ملے گا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے کہاکہ حکومت بکریاں، گائے، پولٹری، چنگ چی رکشہ باڈی، زراعت اور کریانہ اسٹور کا سامان دے گی۔ ثانیہ نشتر نے کہاکہ 60 فیصد خواتین، 30 فیصد نوجوانوں کے لئے کاروبار کے اثاثہ جات دئیے جائیں گے ،اس پروگرام سے نادار اور مستحق افراد کی زندگی بدل جائے گی۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاکہ کاروبار کے لئے فی خاندان 50 سے 60 ہزار کے سامان کی تک حد مقرر کی گئی ہے، احساس آمدن پروگرام سے 15 لاکھ افرادکی زندگی پر اثرات مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے احساس آمدن پروگرام کے لئے 15 ارب روپے مختص کردئیے۔
احساس آمدن پروگرام پنجاب کے تین اضلاع ڈیرہ غازی خان، جھنگ اور لیہ میں شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے 7 اضلاع بدین، ٹھٹھہ، سجاول، کشمور، شکار پور، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں پروگرام شروع ہوگا، بلوچستان کے تین اضلاع جھل مگسی، ڑوب اور شیرانی میں بھی آمدن پروگرام شروع ہوگا۔
مزید پڑھیں:اگر غریب کا احساس نہیں کر سکتے توحکومت میں رہنے کاحق نہیں، وزیراعظم