ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر فلم بنانے والے بھارتی ہدایت کار کو دھمکیاں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

gul makai amjad khan
gul makai amjad khan

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

دنیا کی کم عمر ترین نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر مبنی بننے والی فلم ’گُل مکئی‘ کے ہدایت کار امجد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستانی طالبہ پر فلم بنائے جانے پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

گُل مکئی کے ہدایت کا ر کا کہنا تھا کہ انہیں حیرت ہے کہ ان کی فلم ’گل مکئی‘ پر تنگ نظر لوگوں کو پریشانی ہے، میرے لیے اس فلم کو بنانا کافی مشکل تھا اور فلم کے لیے بہترین کاسٹ ڈھونڈنے کا مرحلہ بھی کافی طویل تھا۔

امجد خان نے کہا کہ میں نے کبھی پیچھے ہٹنے کے بارے میں نہیں سوچا تھا لیکن کشمیر میں فلم کی عکس بندی کے دوران، میں سیٹ پر موجود اپنے فنکاروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے پریشان تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی فلم کو گزشتہ برس اقوام متحدہ (یو این) کے تحت لندن میں پیش کیا گیا تھا اور ان کی فلم کو ملالہ یوسف زئی اور ان کے والد نے بھی دیکھا تھا، اس فلم کو اتنا پسند کیا گیا تھا کہ وقفے کے دوران بھی کوئی شخص اپنی نشست چھوڑ کر نہیں گیا تھااور وہاں موجودخواتین اشکبار ہوگئیں تھیں۔

ہدایت کار امجدخان کا کہنا تھا کہ فلم دیکھنے کے دوران ملالہ اور ان کے والد پورا وقت اپنی سیٹ پر بیٹھے رہے اور فلم دیکھنے کے بعد ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے انہیں کیا کہ ’انہوں نے ان کے خوابوں کی تعبیر‘ کو پیش کیا ہے۔

امجدخان کا کہنا تھا کہ میں اس فلم میں ایسے اداکار کاسٹ کرنا چاہتا تھا جو فلم کے اصل کردار سے ملتے ہوں، ابتدائی مراحل میں بنگلا دیش کی نوجوان فاطمہ کو ملالہ یوسفزئی کا کردار ادا کرنا تھا لیکن سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر اسے پیچھے ہٹنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ پھر خوش قسمتی سے ہمیں ریم شیخ مل گئی جس نے ملالہ کے کردار کو اپنے اندر ایسے جذب کیا کہ میں اس کا اصلی نام اور وجود بھول گیا، انہوں نے اتل کلکرنی اور دیویا دتا جیسی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے پر فخر کیا اور کہا کہ انہوں نے فلم میں اچھے اداکاروں کو کاسٹ کیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’گُل مکئی‘ کا ٹریلیز رواں ماہ 10 جنوری کو جاری کیا گیا تھا جسے اب تک کروڑوں بار دیکھا جا چکا ہے، ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ رواں ماہ کے اختتام پر بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی تاہم پاکستان میں بھارتی فلموں پر پابندی ہونے کی وجہ سے ریلیز نہ کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: ملالہ یوسفزئی کی زندگی پرمبنی بالی ووڈ فلم ’’گل مکئی‘‘ کا ٹریلر ریلیز کردیاگیا

Related Posts