وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکو کالے گہرے بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، دن کے اوقات میں شہر میں اندھیرا چھا گیا ہے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ایک سے 2 گھنٹوں کے دوران تیزبارشوں کا امکان ہے، اسلام آباد اور گردونواح میں گرمی کا زورٹوٹ گیا ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ اسلام آباد، راولپنڈی،اٹک، مری گلیات،کشمیر میں بارش ہوسکتی ہے، شہریوں سے گزارش ہے احتیاطی تدابیراختیارکریں۔
رپورٹ کے مطابق سوات کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی، سوات کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش سے بجلی کی بندش اور شدید گرمی سے پریشان عوام کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ادھر بارش کے باعث دریائے سوات اور مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے تاہم ژالہ باری کے باعث آڑو کے باغات کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جس سے مقامی کاشتکار تشویش میں مبتلا ہیں۔