کراچی: جمشید کوارٹر میں شوٹنگ کے دوران علاقہ مکینوں نے سیٹ پر دھاوا بول دیا، شوٹنگ سٹاف کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
ڈرامے کے ہدایتکار نبیل قریشی نے بتایا کہ پی آئی بی کالونی میں مجھ پر اور میری ٹیم پر شوٹنگ کے دوران حملہ ہوا،حملہ کرنے والوں کی تعداد لگ بھگ سو کے قریب تھی۔
ہدایتکار کے مطابق پی آئی بی کالونی جمشید کوارٹر میں شوٹنگ جاری تھی کہ علاقہ مکینوں نے ٹیم پر حملہ کردیا اور حرا مانی سمیت دیگر اراکین کو ہراساں کیا اور ان سے ان کا قیمتی سامان بھی چھین لیا۔
ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں نبیل قریشی نے لکھا کہ ہم اس وقت پولیس اسٹیشن میں بیٹھے ہیں ہمارے ساتھ کراچی میں اس سے پہلے اس نوعیت کا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا، نبیل نے بتایا کہ حملہ آور اسلحہ سے لیس تھے انہوں نے خواتین کا لحاظ نہ کرتے ہوئے ان پر بھی ہاتھ اُٹھایا اور ہمارے موبائل، بٹوے سمیت قیمتی سازو سامان لوٹ کر لے گئے۔
I still cannot believe it, still in trauma of what has happened we had kids like 6/7 years of age, and hira keep on requesting them to behave from inside the door they were not listening, they broke the door ! It is so disturbing! @hiramani https://t.co/02DPx1f1e7
— Nabeel Qureshi (@nabeelqureshi) February 6, 2023
ہدایتکار کی جانب سے واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
حرا مانی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اپنی ٹیم کے عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیں بچانے کیلئے آخری حد تک کوشش کی اور خود زخمی ہوگئے وہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔