کراچی: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں کوٹ لالو کے قریب ریلوے لائن پر کریکر دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک ٹوٹ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوٹ لالو کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث ریلوے ٹریک ٹوٹ گیا۔ دھماکے سے تھوڑی دیر قبل ہی مسافر ٹرین ٹریک سے گزری تھی۔
دھماکے سے قبل ٹریک سے گزرنے والی ٹرین کے مسافروں کی جان بچ گئی۔ اپ ٹریک کو دھماکے سے ہونے والے نقصان کے نتیجے میں ٹرینوں کی آمدورفت کیلئے بلاک کردیا گیا ہے۔
مسافر گاڑیوں کو ٹریک پر سفر جاری رکھنے سے روک دیا گیا۔ ریلوے کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق ٹریک کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
ایس پی ریلوے سکھر امجد منظور کا کہنا ہے کہ اپ ٹریک پر کریکر کا دھماکہ ہوا تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔
بعد ازاں ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام مکمل ہوگیا۔ ڈی ایس ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹریک کو دھماکے کے 3 گھنٹے بعد بحال کرکے گرین لائن کو روانہ کیا گیا ہے۔ کریکر دھماکہ کس نے کیا، تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں ولیکا چورنگی پر قائم کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں دھماکا ہوا جس سے اطراف کی دیواریں گر گئیں اور دفتر میں آگ لگ گئی تھی۔
گزشتہ ماہ دن کے وقت ولیکا چورنگی پر قائم کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑی، پولیس اور ریسکیو حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں: کراچی، ولیکا چورنگی پر کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں دھماکا