راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 260کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی ہے جس میں اسرائیل کی جارحیت اور فلسطین میں جانی نقصان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں غزہ میں اسرائیل کی جارحیت اور طاقت کے اندھا دھند استعمال سے معصوم شہریوں کی شہادتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
دورۂ چین، وزیر اعظم کی چینی صدر کے عشائیے میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان مسئلۂ فلسطین کے پائیدار حل اور مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے اصولی مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان سے غیر قانونی تارکینِ وطن کی باعزت اور محفوظ واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے حکومت کی جانب سے معاشی بحالی کے اقدامات میں ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور کارٹلز کے خلاف کارروائیوں کو مزید فروغ دیں گے۔