کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ سے تبلیغی جماعت کے 3 افراد کورونا وائرس سے کلیئر قرار دیئے گئے جو ٹنڈو محمد خان واپس آئے تو کورونا کےمریض نکلے۔
وفاقی وزیر برائے نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر (این سی سی) اسد عمر کی ویڈیو کانفرنس میں وزیرِ اعلیٰ ہاؤس سے شرکت کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹیسٹ پہلے منفی اور بعد میں مثبت آنے سے پیچیدگیاں جنم لے رہی ہیں۔
اس موقعے پر وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ہمراہ وزیر صحت، وزیر بلدیات، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، برگیڈیئرحامد امجد اور کورفائیو کے برگیڈیئر حذیفہ، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور دیگر موجود تھے۔
اجلاس کے دوران کورونا وائرس کے حوالے سے نیشنل ڈیٹا بیس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ ڈیٹا بیس قومی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر منسلک ہوگا جبکہ ڈیٹا بیس کا اتصال (کنیکٹوٹی) قومی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ہم نے 4955 تبلیغی جماعت کے افراد ٹریس کیے ہیں۔ ہم نے سب کو ٹیسٹ کیا ہے۔ ایک ایسا مکینزم بنایا جائے کہ سرٹیفکیٹ آن لائن اور اغلاط سے پاک ہو۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ مکینزم سے حاصل ہونے والے آن لائن سرٹیفیکیٹ سے یہ نہیں ہوگا کہ ایک شخص کا ٹیسٹ پہلے منفی آئے اور بعد میں مثبت آئے جس سے پیچیدگیاں پیدا نہیں ہوں گی۔