لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) میں فارورڈ بلاک بنانے کے مشن کیلئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ن لیگی رکنِ پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسلم لیگ (ن) فارورڈ بلاک کے رکن صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری کو ملاقات کیلئے بلایا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میاں جلیل شرقپوری کو ن لیگ سے مزید ہم خیال سیاسی رہنماؤں کو ساتھ ملانے کا ٹاسک دیا تھا۔
جلیل شرقپوری ٹاسک کے حوالے سے وزیرِ اعظم کے دورۂ لاہور سے قبل وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے یہی مشن سونپ کر معاونِ خصوصی احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کو بھی لاہور بھجوایا تھا، تاہم ابھی تک مشن میں کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عثمان بزدار شہزاد اکبر سے نمبر لے جانے کیلئے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ جو کام وزیرِ اعظم نے شہزاد اکبر کو سونپا تھا، وہ عثمان بزدار کر لیں تاکہ وزیرِ اعظم کی گڈ بک میں ان کی حیثیت برقرار رہ سکے۔ ذرائع کے مطابق جلیل شرقپوری نے وزیرِ اعلیٰ کو آگاہ کردیا ہے کہ مزید ن لیگی ہم خیال ہونے کیلئے تیار نہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ذرائع کے دعوے کے مطابق رکنِ پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کو ہدایت کی ہے کہ سینیٹ الیکشن سے پہلے مسلم لیگ (ن) کے مزید ارکان کو ہم خیال بنائیں تاکہ مسلم لیگ (ن) میں فارورڈ بلاک پوری آب و تاب کے ساتھ سامنے آسکے۔
یہ بھی پڑھیں: باغی ن لیگی رکنِ اسمبلی جلیل شرقپوری کا استعفیٰ اسپیکر کو ارسال