پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گورنر حاجی غلام علی کو صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری ارسال کردی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے دستخط کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس گورنر کے پی کو بھیج دی، گورنر خیبر پختونخوا 48 گھنٹے میں سمری منظور کر کے دستخط کریں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے دستخط نہ کرنے کی صورت میں 48 گھنٹے کے بعد اسمبلی ازخود تحلیل ہو جائے گی، خیبرپختونخوا میں اسمبلی تحلیل کے بعد 90 دن میں انتخابات کرانا ہوں گے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ کے پی کے وزیر اعلیٰ نے پارٹی کے فیصلے اور عمران خان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھجوائی۔
مزید پڑھیں:اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 35 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے
پی ٹی آئی چیئرمین نے گزشتہ سال نومبر میں خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، اتحادیوں کے ساتھ مشاورت اور مرکز میں حکمران اتحادیوں کی طرف سے اپنائے گئے جوابی اقدامات کی وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔