کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائز پر دستخط کردیئے۔
وزیراعلیٰ کی ایڈوائز آج منظوری کیلئے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ کو بھجوا دی جائے گی جبکہ گورنر کی جانب سے سمری پر دستخط نہ کیے جانے کی صورت میں اگلے 48 گھنٹوں بعد اسمبلی ازخود تحلیل ہوجائے گی۔
نگراں وزیراعظم کا نام آج فائنل کیا جائے گا، وزیراعظم
دوسری جانب بلوچستان میں نگراں سیٹ اپ کے قیام پر اپوزیشن کی دونوں جماعتیں اپنے اپنے امیدوار کے نام پر ڈٹ گئی ہیں جس کی وجہ سے ڈیڈلاک برقرار ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے بی این پی کی جانب سے میر حمل کلمتی اور جے یو آئی کی جانب سے عثمان بادینی اور شبیر مینگل کے نام سامنے آرہے ہیں۔
بی اے پی کی جانب سے تین نام سامنے آئے ہیں جن میں کہدہ بابر، اعجاز سنجرانی اور نصیر بزنجو شامل ہیں۔
اس حوالے سے فیصلہ آج شام تک متوقع ہے، اس ضمن میں وزیر اعلی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کرکے نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر حتمی مشاورت کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ اسمبلی تحلیل ہیں، اس کے بعد اب ممکنہ طور پر بلوچستان اسمبلی بھی آئندہ کچھ گھنٹوں میں ٹوٹ جائے گی۔