لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مشہورومعروف اداکار یاسر حسین نے لاہور میں معصوم بچے کو جلانے اور بد ترین تشدد کرنے پر ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں بچوں سے تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس پر اداکار یاسر حسین نے غم و غصے کا اظہار کیا۔ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اسٹوریز شیئر کرتے ہوئے معروف اداکار نے کہا کہ بچوں پر تشدد پنجاب سوسائٹی میں رہائش پذیر اقرا رانا نے کیا۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں یاسر حسین نے کہا کہ ایک شخص نے 2 لڑکوں کو حکیم چوک، پی آئی اے روڈ پر رات کے 2بجے سڑک پر دیکھا جن کے جسم بد ترین تشدد کے باعث زخمی اور جلے ہوئے تھے۔
دونوں لڑکوں نے بتایا کہ ان کے مالک نے انہیں بہت مارا پیٹا تھا۔ ایک بچے نے بتایا کہ جس جگہ وہ ملازم کے طور پر کام کرتا ہے، وہاں کے مالک نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور چمچے اور فورک سے اس کی پیٹھ کو جلا دیا ہے۔
بچے نے مزید بتایا کہ گزشتہ 15 روز سے ہر چھوٹی سے چھوٹی غلطی پر تشدد اور مارپیٹ کی جاتی ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان میں بچوں سے محنت مزدوری کرانا ایک عام چلن بن چکا ہے جس پر یاسر حسین نے شدید افسوس کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کے انتقال سے اُردو کامیڈی یتیم ہوگئی، یاسر حسین