عالمی سطح پر معروف رائیڈ ہیلنگ ایپ کریم نے پاکستان میں اپنی خدمات 18 جولائی 2025 سے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے اس فیصلے کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی مسابقت اور اقتصادی چیلنجز کے باعث پاکستان میں محفوظ اور قابل اعتماد سروس فراہم کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
کیریم کے شریک بانی اور سی ای او مدثر شیخ نے لنکڈ ان پر ایک پوسٹ میں کہاکہ چیلنجنگ میکرو اکنامک حقیقت، بڑھتی ہوئی مسابقت، اور عالمی سرمایہ کاری کی کمی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی سطح کو جواز فراہم کرنا مشکل بنا دیا۔
کریم نے 2015 میں پاکستان میں اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا اور اس نے دفاتر کے ملازمین، یونیورسٹی کے طلباء اور خاص طور پر خواتین مسافروں کے لیے ایک محفوظ اور قابل اعتماد سواری کا متبادل فراہم کیا تھا۔
حالیہ برسوں میں ان ڈرائیو اور یانگو جیسے حریفوں کی آمد اور کم قیمت ماڈلز نے کریم کی مارکیٹ شیئر کو متاثر کیا ہے۔
یہ فیصلہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت پر دباؤ کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں مہنگائی، کمزور صارفین کی طلب اور عالمی سرمایہ کاری میں کمی کے باعث ٹیکنالوجی کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کیریم کے اس اقدام سے قبل، اوبر نے 2022 میں پاکستان میں اپنی خدمات بند کر دی تھیں۔
کیریم نے اپنے صارفین اور ڈرائیورز کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ اپنے سفر کو یادگار سمجھتے ہیں۔ کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 18 جولائی سے قبل اپنے کریم پے بیلنس نکال لیں۔
کریم کی پاکستان سے روانگی ایک دور کے اختتام کی علامت ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی ٹیکنالوجی کمپنیاں ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں مسلسل ترقی کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔