سہراب گوٹھ ٹاؤن کے چیئرمین لالہ عبدالرحیم نے جامعہ اسلامیہ محمودیہ محمودیہ عقب نئی سبزی منڈی کراچی کا دورہ کیا، جامعہ اسلامیہ محمودیہ کے بانی و رئیس اور جےیوآئی کے صوبائی رہنما مولانا ڈاکٹر نصیرالدین سواتی ودیگر نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر جے یوآئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات علامہ سمیع الحق سواتی، یوسی 8 کے چیئرمین سید بلال آغا ، وائس چیئرمین بشیراحمد بروہی ، لیبر کونسلر مولانا ضیاء الدین سواتی ، جنرل کونسلر یوسی 8 قاری راحت اللہ میدانی مولانا سعیداللہ حقانی، مفتی سعید اللہ کوثری ، مولانا سلطان محمد اور جامعہ اسلامیہ محمودیہ کے دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔
قبل ازیں ٹاؤن چیئرمین لالہ عبدالرحیم نے جامعہ محمودیہ کے امتحان ہال میں جاری سہ ماہی امتحانات کا جائزہ اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔
بعدازاں بانی جامعہ مولانا ڈاکٹر نصیرالدین سواتی اور سہراب گوٹھ ٹاؤن کے چیئرمین لالہ عبدالرحیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی معاشرے کی بقاء اور اِحیاء دین کے لئے دینی مدارس وقت کی اہم ضرورت ہیں ، دینی مدارس میں دینی علوم کیساتھ عصری علوم کا کامیاب اجراء خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء اقامت واشاعت دین کیلئے وقف ہوتے ہیں ، مدارس دینیہ سے تعاون کرنا زیادہ بہتر ہے ، ان کو مالی امداد کے ذریعے مضبوط کرکے باقی رکھنے میں دین کی بقا مقصود ہوتی ہے۔
سہراب گوٹھ کے چیئرمین لالہ عبدالرحیم نے جامعہ محمودیہ میں ایک سالہ شعبہ انگلش لینگویج کے علماء کے کارکردگی کا جائزہ لیکر اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام کا دینی علوم کیساتھ دیگر اسکلز کا سیکھنا اور انگلش پر عبور خوش آئند ہے جو معاشرے میں انقلاب برپا کرے گا۔
انہوں نے علاقے میں سیوریج کے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اپنے عملے کو اسے فوری حل کرنے کی ہدایات جاری کیں جس کے بعد ہیوی مشینری کے ذریعے ترقیاتی کام بھی شروع کردیا گیا۔
بعد ازاں مولانا ڈاکٹر نصیرالدین سواتی کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں جامعہ اسلامیہ محمودیہ میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔