کراچی:چیئرمین نادرا نے کراچی کے شہریوں کی شکایات دور کرنیکی ہدایات جاری کردیں، چیئرمین نادرا طارق ملک کا میگا سینٹر نارتھ ناظم آباد، میگا سینٹر سیمنس چورنگی، عوامی مرکز لیاقت آباد اور کلفٹن کے نادرا رجسٹریشن سنٹرز کے آپریشنل، انتظامی اور ہیومن ریسورس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
چیئرمین نادرا کی جانب سے شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی آسان اور باسہولت بنانے اور درپیش مسائل کے فوری ازالہ کے لئے متعدد اہم فیصلے اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
چیئرمین نادرا نے ہیومن ریسورس ڈائریکٹوریٹ کو کراچی میں عملے کی کمی سے متعلق شکایات دور کرنے کے لئے 50 ڈیٹا انٹری آپریٹرز اور 15 ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی بھرتی کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے اور کارروائی فی الفور مکمل کرنے کی ہدایت جاری کیں۔
طارق ملک نے نادرا رجسٹریشن سنٹر کلفٹن میں جدید ترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کیں۔ انہوں نے کراچی میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کے لئے پولیس اور ایف آئی اے سے رجوع کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔
کراچی میں نادرا سنٹرز پر آنے والے شہریوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر صرف دن کے دوران خدمات فراہم کرنے والی موبائل رجسٹریشن وین کو شام کے وقت بھی تعینات کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
نادرا دفاتر کے دورے کے دوراں چیئرمین نادرا نے شہریوں سے گفتگو کر کے ان کے مسائل سنے اور موقع پر حل کرنے کے احکامات دئیے۔ نادرا ملازمین کو بھی عوامی مسائل کے فوری حل کی تلقین کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ لوگوں کو کسی پریشانی یا لمبی قطاروں میں انتظار کا سامنا کئے بغیر اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
چیئرمین نادرا نے ہدایت کی کہ موجودہ سینٹر کو اپ گریڈ کرنا ممکن ہو تو اس پر فوری کام شروع کیا جائے یا اگر ضروری ہو تو اسے متبادل جگہ پر منتقل کر کے شہریوں کے لئے بھرپور سہولت اور آسانی کو یقینی بنایا جائے۔
کراچی میں میگا سینٹرز پر عام شہریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے وراثتی سرٹیفکیٹ کا الگ نیا میگا سینٹر بنانے کا فیصلہ۔ چیئرمین نادرا نے فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے۔
چیئرمین نادرا طارق ملک نے کراچی میں میگا سینٹرز کا دورہ کیا۔اس دوران وراثتی سرٹیفکیٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کی بڑی تعداد کے پیش نظر کراچی میں اس مقصد کے لئے ایک خصوصی سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا جہاں شہریوں کو قطار و انتظار کی زحمت کے بغیر وراثتی سرٹیفکیٹ کا فوری اجراء یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے نے ملازمین کو بڑی خوشخبری سنادی،الاؤنس کی ادائیگی شروع