سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو شکست دے کر قائداعظم ٹرافی اپنے نام کرلی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے دی۔ دوسری اننگز میں 421 رنز کے خسارے کا شکار ناردرن کی پوری ٹیم 405 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

سنٹرل پنجاب کے اسپنر بلال آصف نے دوسری اننگز میں 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کے چوتھے روز ناردرن کے اوپنر حیدر علی نے فیضان ریاض کے ہمراہ 2 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو نوجوان اوپنر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی۔

وہ 134 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، 203 گیندوں کا سامنا کرنے والے حیدر علی کی اننگز میں 22 چوکے اور 1چھکا شامل تھا، جس کے بعد ناردرن کے مڈل آرڈر بلے باز علی سرفراز اور روحیل نذیر نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔

۔ علی سرفراز 81 اور روحیل نذیر 70 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ناردرن کی پوری ٹیم 111.3 اوورز میں 405 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسپنر بلال آصف نے فائنل میں بھی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: میرے بیان کو پس منظر سے ہٹ کر پیش کرتے ہوئے غلط خبر چلائی گئی۔شعیب اختر

پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے بلال آصف نے دوسری اننگز میں 112 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ناردرن کے 254 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 675 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

سنٹرل پنجاب کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے اپنے فرسٹ کلاس کیرئیر کی دوسری اور مجموعی طور پر ایونٹ کی آٹھویں ڈبل سنچری اسکور کی۔فائنل میں ڈبل سنچری اسکور کرنے پر سنٹرل پنجاب کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل اور 11 وکٹیں حاصل کرنے والے بلال آصف کو مشترکہ طور پر مین آف دی فائنل کا ایوارڈ دیا گیا۔

سنٹرل پنجاب کے ظفر گوہر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ بلوچستان کے عمران بٹ ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز اور ناردرن کے کپتان نعمان علی کو ٹورنامنٹ کا بہترین باؤلر کا ایوارڈ دیا گیا۔

وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ شکار کرنے پر سنٹرل پنجاب کے کامران اکمل کوٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا۔ایونٹ کی فاتح سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو 1کروڑ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ ناردرن کی ٹیم رنرزاپ کی حیثیت سے پچاس لاکھ روپے کی حقدار ٹھہری۔