توہینِ مذہب کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی دھمکی، سی ڈی اے کا آفیسر برطرف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

توہینِ مذہب کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی دھمکی، سی ڈی اے کا آفیسر برطرف
توہینِ مذہب کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی دھمکی، سی ڈی اے کا آفیسر برطرف

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے ایک آفیسر کو توہینِ رسالت ﷺ و مذہب کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی دھمکی دینے پر برطرف کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے میں سینیٹری ورکر کے ساتھ گالی بلوچ کی گئی اور ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ توہینِ مذہب کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی دھمکی دی گئی جس کی ویڈیو 5 نومبر کو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

مذکورہ ویڈیو میں سی ڈی اے کے محکمۂ سینیٹیشن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز محسن شیرازی سینیٹری ورکر کو توہینِ رسالت ﷺ کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی دھمکی دیتا دکھایا گیا۔سی ڈی اے میں تقریباً 2000 سینیٹری ورکرز ہیں۔

سی ڈی اے آفیسر کے بیان پر صفائی کے عملے نے پرزور احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کی دھمکی دی جبکہ ملزم محسن شیرازی نے ویڈیو کو جھٹلاتے ہوئے کہا کہ ویڈیو کانٹ چھانٹ کے بعد سامنے لائی گئی ہے۔ 

دوسری جانب چیئرمین سی ڈی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے محسن شیرازی کو معطل کردیا جس پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکریٹری چوہدری محمد یٰسین نے ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران چوہدری یٰسین نے سینیٹری ورکرز کو گالم گلوچ اور توہینِ رسالت کے جھوٹے مقدمات بنانے کی دھمکی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے اور ہمارے نبی ﷺ کی تعلیمات بھی یہی ہیں۔

سیکریٹری مزدور یونین نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری اخلاقی و مذہبی ذمہ داری ہے۔ تمام انبیاء کی تعلیمات امن، بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتی ہیں جبکہ سی ڈی اے مزدور یونین رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امن وا مان اور یکجہتی بے حد ضروری ہے، کچھ قوتیں مذہب کے نام پر توہینِ رسالت کو سیاسی ہتھیار بنانا چاہتی ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ہماری جانیں بھی نبئ اکرم ﷺ کے نام پر قربان ہیں۔

مزدور یونین سیکریٹری چوہدری یٰسین نے کہا کہ ہم تمام پاکستانی قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ توہینِ رسالت کے مقدمات کی دھمکیاں دینے والوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں تاکہ ایسے افراد کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: توہینِ رسالت ﷺ کا الزام، بینک مینیجر سیکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں قتل

Related Posts