اسلام آباد: مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے نئی مردم شماری کرانے کی منظوری دے دی گئی، وزیر اعظم کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کے 49 ویں اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مشترکہ مفادات کونسل نے ساتویں مردم شماری کی منظوری دے دی ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل نے مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی۔
وزیر اعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام پر ارکان کو مبارکباد پیش کی، اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ مستقل سیکرٹریٹ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی اکائیوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قومی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے مطالبات کے مطابق کونسل کے اجلاسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مردم شماری کا فیصلہ کیا گیا ہے اور خانہ شماری مردم شماری سے قبل کرائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کاایٹمی جنگ کی روک تھام کیلئے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے بیان کا خیرمقدم