سی سی آئی (مشترکہ مفادات کونسل ) کا 41واں اجلاس کل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے جس کے دوران 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل اجلاس میں صوبائی قیادت بشمول وزیراعلیٰ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان شرکت کریں گے جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹری کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کے زیر صدارت اجلاس میں کونسل کی گزشتہ دو برسوں کی رپورٹ کی توثیق کی جائے گی جبکہ پیٹرولیم پالیسی 2012ء کا ترمیمی مسودہ بھی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ اوگرا ترمیمی آرڈیننس 2002ء پر بھی غور کیا جائے گا۔
مفادات کونسل میں فیملی پلاننگ کے حوالے سے معاملات بھی زیر غور آئیں گے جبکہ صوبوں کو پانی کے حقوق دینے اور باہمی تقسیم کے حوالے سے ایگریمنٹ پر بھی گفت و شنید ہوگی۔
اجلاس کے گیارہ نکاتی ایجنڈے میں سی جے ہائیڈرو پاور منصوبے کا این او سی، چیئرمین واپڈا کی تقرری، قدرتی وسائل کی تقسیم پر آرٹیکل 158 اور 172 پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے 41 ویں اجلاس کے حوالے سے وزیر اعظم کی جائزہ میٹنگ ہوئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو روز قبل جاری جائزہ میٹنگ کی صدارت وزیر اعظم عمران خان نے کی۔ میٹنگ کے دوران گزشتہ سی سی آئی (مشترکہ مفادات کونسل ) کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
مزید پڑھیں: 41ویں اجلاس سے قبل وزیر اعظم کی زیر صدارت جائزہ میٹنگ