عمرکوٹ: پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار صبا تالپور نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-213 (عمرکوٹ) کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق 74 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کر لی۔
تمام 498 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کی امیدوار صبا تالپور نے 148965 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل لال مالھی جو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ حمایت یافتہ آزاد امیدوار تھے وہ 74515 ووٹ حاصل کر سکے۔
یہ نشست پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نواب یوسف تالپور کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
نتائج کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنان نے صبا تالپور کی رہائش گاہ پر جشن منایاجبکہ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرکے دفتر کے باہر دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے دھرنا دیا۔
کل 18 امیدواروں نے انتخاب میں حصہ لیا تاہم اصل مقابلہ پیپلز پارٹی کی صبا تالپور اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار لال مالھی کے درمیان تصور کیا جا رہا تھا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 608997 ہے، جن میں سے 287311 خواتین ووٹرز ہیں۔
ضمنی انتخاب کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ 4002 پولیس اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کیا گیا جبکہ وزارت داخلہ نے رینجرز کی تعیناتی کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
پولنگ اسٹیشنز میں سے 269 کو حساس اور 91 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔ انتخابی عمل کی مکمل نگرانی کی گئی تاکہ شفافیت اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔