واشنگٹن: کورونا وائرس نے دنیا کی سپر پاور کہلانے والے امریکا کو بھی نہ بخشا، تقریباً تمام امریکی ریاستوں میں جزوی یا مکمل لاک ڈاؤن کے باعث کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا اور عوام حکومتی امداد کی راہ دیکھنے لگے ہیں۔
امریکا میں کورونا وائرس مضبوطی سے پنجے گاڑ چکا ہے جہاں 4 لاکھ 68 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر جبکہ 16 ہزار 697 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
متعدد امریکی ریاستوں میں کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور دفاتر مکمل طور پر بند ہیں۔ امریکا میں ریاستوں کے مختلف قوانین کے پیشِ نظر ہر ریاست نے عوام پر الگ الگ پابندیاں نافذ کی ہوئی ہیں۔
لاک ڈاؤن کے باعث زیادہ تر امریکی عوام گھروں میں محصور ہیں۔ نائٹ کلب، ریسٹورینٹ اور ہر طرح کے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہے۔
بڑے پیمانے پر امریکی عوام بے روزگاری کا شکار ہیں جس کے پیشِ نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکومتی زعماء کو ملک کی دیہی آبادی کی مدد کی ہدایت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے زرعی سیکریٹری سونی پرڈیو کو ہدایت کی ہے کہ کسانوں کا خیال رکھیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ خاص طور پر چھوٹے کاشتکار اور کسان مشکلات کا شکار ہیں۔ میں یہ توقع رکھتا ہوں کہ سیکریٹری سونی پرڈیو اپنے تمام فنڈز اور اختیارات کا استعمال کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ حکومت یہ بات یقینی بنائے گی کہ عوام کو کھانے کی فراہمی مستحکم، مضبوط اور محفوظ رہے۔
I have directed @SecretarySonny to expedite help to our farmers, especially to the smaller farmers who are hurting right now. I expect Secretary Purdue to use all of the funds and authorities at his disposal to make sure that our food supply is stable, strong, and safe….
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) April 10, 2020