بالی ووڈ میں فلموں کے بائیکاٹ کا ٹرینڈ دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے، رواں سال کئی فلموں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا جن میں بالی ووڈ کے کئی مشہور اداکاروں کی فلمیں بھی شامل ہیں۔
حال ہی میں بالی ووڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان کی فلم پٹھان تنازعات میں گھری ہوئی ہے، سوشل میڈیا پر فلم کی نمائش پر پابندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
رواں سال سوشل میڈیا پر جن فلموں کی نمائش پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا،اُن کی فہرست یہ ہے:
1) پٹھان
شاہ رخ خان کی پٹھان جو ابھی تک ریلیز نہیں ہوئی ہے اس کا ٹیزر ریلیز ہونے کے بعد سے فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جارہا ہے، بہت سے سوشل میڈیا صارفین شاہ رخ خان کے ماضی کے بیانات کی وجہ سے فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
2) لال سنگھ چڈھا
معروف اداکار عامر خان اور مقبول اداکارہ کرینہ کپور کی فلم لال سنگھ چڈھا بھی تنازعات میں گھری رہی ہے اور اس کے خلاف سوشل میڈیا پر کئی ٹرینڈ بھی چلائے گئے ، فلم باکس آفس پر کوئی خاطر خواہ بزنس نہیں کرسکی البتہ نیٹ فلکس پر یہ فلم کافی مقبول ہوئی۔
3) براہمسترا
رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی فلم براہمسترا کو بھی پابندی کا سامنا کرنا پڑا ، فلم کی ریلیز سے قبل رنبیر کپور کی ایک پرانی ویڈیو کافی وائرل ہوئی جس میں انھیں گائے کے گوشت کی تعریف کرتے دیکھا جاسکتا ہے، سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہوئی اور اِس نے صارفین کو مشتعل کیا جس کی وجہ سےفلم کو بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
4) رکشا بندھن
مشہور اداکار اکشے کمار کی فلم رکشا بندھن کی نمائش پر بھی پابندی کا مطالبہ کیا گیا اور سوشل میڈیا پر کئی قسم کے ٹرینڈ بھی چلائے گئے۔
5) لائجر
وجے دیوراکونڈا کی ہندی ڈیبیو فلم ’لائجر‘ کو اُس وقت منفی ردعمل اور بائیکاٹ کے رجحان کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے یہ بیان دیا کہ بھارت میں فلموں کے بائیکاٹ کا رحجان بڑھتا جارہا ہے۔