یروشلم : اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بحری جہاز کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایران کو ملوث قرار دے دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران پر الزام عائد کیا کہ گزشتہ ہفتے خلیج اومان کے ساحل میں اسرائیلی کارگو شپ کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایران ملوث ہے۔
اس سے قبل اسرائیل کے وزیر دفاع سمیت دیگر حکام بھی اس دھماکے کا الزام ایران پر عائد کرچکے ہیں۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے اس انٹرویو کے دوران اپنے الزام کی سچائی کے لئے کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے بحیرہ عرب میں جس اسرائیلی کارگو شپ کے قریب دھماکا ہوا اسے مرمت کے لیے دبئی کے پورٹ پر لایا گیا ہے تاہم یہ بات واضح نہیں ہوسکی ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں جہاز کو کتنا نقصان پہنچا اور دھماکا کس نوعیت کا تھا البتہ اس دھماکے میں جہاز کا عملہ پوری طرح محفوظ رہا۔
ادھر امریکی حکام کا کہنا ہےکہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب دھماکے کا نشانہ بننے والے جہاز کے ڈھانچے کے دونوں اطراف سوراخ ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرپشن اور عہدے کا ناجائز استعمال،سابق فرانسیسی صدر سرکوزی کو 3سال قید کی سزا